پنجگور میں گزشتہ روز کونسلر صدام بلوچ قتل، صوبائی رہنما پیپلز پارٹی کا اظہار تشویش

پنجگور(این این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما ءمیر کفایت اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ پنجگور میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال تشویشناک ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں عوام کو چوروں اور ڈاکوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز گرمکان کے رہائشی کونسلر صدام بلوچ کا قتل انتہائی افسوس ناک اور دلخراش واقعہ ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اس حملے میں انکے دو ساتھی زخمی ہوگئے ہیں اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیںپولیس اور انتظامیہ خواب غفلت میں ہیں اگر وہ شہر میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر نہیں کرسکتے ہیں تو ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے پولیس اور انتظامیہ کے پاس بھاری نفری موجود ہے مگر اس کے باوجود شہر میں چوروں اور ڈاکوں کاراج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے صرف ووٹ کے وقت عوام سے گلے ملکر انہیں سبز باغ دکھاتے ہیں لیکن کامیابی کے بعد وہ اپنی بنک بیلنس بڑھانے میں مصروف عمل ہوجائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں شدید بدامنی کے باعث عوام اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں شام ڈھلتے ہی شہر میں چوری اور ڈکیتی کا بازار گرم ہوتا ہے لیکن دوسری جانب عوامی نمائندے انتظامیہ اور پولیس کی ملی بھگت سے مختلف چیک پوسٹوں پر بھتہ لینے اور پیسوں کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عوام لاوارث نہیں ہیں ہم اپنے غریب عوام کو کسی صورت چوروں اور ڈاکوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہیں اگر عوامی نمائندوں ۔پولیس اور انتظامیہ نے امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں