بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون،ملکی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کرکے ان سے ملکی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بجٹ کے بعد بدترین معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے جمعیت علمائے اسلام(ف)کے رہنما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے حکومتی کرپشن پر سوالات اٹھائے مگر عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہوں نے کل پی ٹی آئی حکومت کی ناکامیوں پر پریس کانفرنس کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر، معیشت اور کورونا وائرس کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں کو اجاگر کیا تھا اور پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی یا ٹی وی پر مناظرہ کر لیں۔ دوسرا چیلنج یہ دیا تھا کہ وہ این آئی سی وی ڈی طرز کا ایک ہسپتال بھی پورے پاکستان میں دکھا دیں۔ تیسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں کورونا کے فی کس ٹیسٹنگ کا موازنہ سندھ سے کروائیں مگر عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں