پیپلزپارٹی نے 18ویں ترمیم کو ذاتی جاگیر بنا لیا ہے،سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد.وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے 18ویں ترمیم کو ذاتی جاگیر بنا لیا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کی کچھ شقوں میں تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے۔ آئین میں ترمیم اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں۔ اپوزیشن ہر چیز پر سیاست کرتی ہے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پارلمینٹ کی ڈیوٹی ہے کہ وہ قوانین پر نظرثانی کرکے خامیاں دور کرنے کے لئے مناسب تبدیلی کرے۔ قوانین انسانوں کے بنائے ہوئے ہیں ملک کے حالات بدلتے رہتے ہیں اٹھارویں ترمیم کو اتنا مقدس بنادیا گیا ہے کہ اس کے بارے میں بات بھی کریں تو مجرم گردانا جاتا ہے۔ ہم اٹھارویں ترمیم کی کچھ شقوں میں تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ہماری جماعت کے پاس قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مطلوبہ اکثریت نہیں۔ آئین میں ترمیم اتفاق رائے کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ پیپلزپارٹی نے اٹھارویں ترمیم کو ذاتی جاگیر بنادیا ہے۔ کوئی بھی چیز سودے بازی کے طور پر نہیں کرنا چاہتے وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہوتی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کاہ کہ اپوزیشن ہر چیز پر سیاست کرتی ہے۔ این سی او سی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تمام چیزوں پر اتفاق کرکے جاتے تھے جبکہ میڈیا پر آکر سیاست شروع کر دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ اب یہ کراچی سے ٹرین کے ذریعے اسلام آباد آنے کا عندیہ دے رہے ہیں اس سے بڑا مذاق کوئی نہیں ہو سکتا۔ اپوزیشن روز پریس کانفرنس کر کے جو جھوٹ بولتی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ اپوزیشن کو بھی مفاہمت کا ماحول بنانا چاہیے۔