صدام حسین کو بے گناہ قتل کیا گیا، غریب آدمی ہوں بدلہ نہیں لے سکتا، معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا، والد کی فریاد

پنجگور (یو این اے) پنجگور گرمکان کے رہائشی اور گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں فائرنگ سے قتل ہونے والے سیاسی سماجی رہنما اور یونین کونسل گرمکان کے کونسلر صدام حسین بلوچ کے والد شفع محمد بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں ایک غریب گھرانہ اور انتہائی پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتا ہوں، گزشتہ روز پنجگور کے علاقے زنڈیں داز میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے میرے لغت جگر اور بڑھاپے کا سہارا میرے بیٹے صدام حسین بلوچ کو قتل کرکے انکے دو ساتھیوں فرزاد اور ابراہیم کو شدید زخمی کردیا۔ ظالم اور درندہ صفت قاتلوں نے دن دہاڑے میرے بیٹے کو قتل کرکے عید کے موقع پر گھر کو ماتم میں بدل دیا، میرے بیٹے کا قصور صرف یہ تھاکہ وہ ایک سیاسی جماعت سے تعلق اور علاقے کے سماجی کاموں میں پیش پیش اور علاقے کا بلدیاتی کونسلر تھا، علاقے کے ہر گھر اور خاندان کی خوشی غم اور تکلیف میں شامل ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، نہ ہی کسی کیساتھ زمینی تنازعہ، نہ ہی گھریلو یا خاندانی جھگڑا ہے اور نہ ہی میرا بیٹا کسی غیر قانونی، غیر سماجی کاموں میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک غریب اور انتہائی تنگدست انسان ہوں، میں اس قابل نہیں کہ بدلہ لے سکوں، یا عدالتوں کے چکر لگاسکوں، میں نے اپنے نوجوان بیٹے کا بدلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی تنظیم یا جس کسی نے بھی میرے بیٹے کو قتل کیا ہے براہ کرم وہ اس قتل کی وضاحت کریں۔ بلوچ تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وضاحت ضرور کریں تاکہ مجھ جیسے بوڑھے اور لاورث شخص کو مطمئن ہونا پڑے کہ میرے بیٹے کا گناہ اور جرم کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں