برلن کوئٹہ فرینڈ شپ اسکوائر پر نصب برڈی بیئر کے گرد لگی لوہے کی سلاخیں چوری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) حکومت کیلئے شرم کا کوئی مقام باقی نہیں بچا، کوئٹہ شہر کے اہم علاقے ریڈ زون میں واقعہ جرمنی کی جانب سے بنائے گئے برلن کوئٹہ فرینڈ شپ اسکوائر پر نصب برڈی بیئر کے گرد لگی لوہے کی جالیاں اور دونوں ممالک کے جھنڈوں کیلئے نصب لوہے کے پول نشے کے عادی افراد نے چوری کرلیے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ کوئٹہ کے ریڈ زون میں شمار ہوتا ہے جہاں 24 گھنٹے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہتی ہے، چاروں طرف اہم سرکاری دفاتر اور حساس علاقہ ہونے کے باوجود انتظامیہ اور پولیس کی نااہلی کے باعث دوست ملک جرمنی کی جانب سے نصب یادگار کی بے توقیری ہمیں دنیا کے سامنے شرمندہ کررہی ہے۔ مذکورہ یادگار اگست 2023ءمیں کراچی میں جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر جبار بلوچ اور جرمنی کے کوئٹہ کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ کے ہمراہ برلن کوئٹہ فرینڈ شپ اسکوائر کا افتتاح کیا تھا، جرمنی اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو اعزاز یا نشان بنانے کیلئے برڈی بیئر نصب کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں