28 جولائی تک عازمینِ حج کو رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

ٓاسلام آباد؛ تمام نامزد بینک حج درخواست گذاروں کے واجبات کی ادائیگی کا عمل 28 جولائی 2020 تک مکمل کر لیں۔ وزارتِ مذہبی امور نے بینکوں میں پیسے رکھنے یا نیا اکاونٹ کھلوانے کی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ یہ بات وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بیرون ملک سے حجاج کی آمد موقوف کرنے کے بعد وزارتِ مذہبی امور نے تمام درخواست گذاروں کو اپنے حج واجبات واپس لینے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ عازمینِ حج کو رقوم کی واپسی کا یہ عمل 2 جولائی سے شروع کیا گیا تھا۔ اب وزارتِ مذہبی امور نے تمام بینکوں کو اس ضمن میں دوبارہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ رقوم کی ادائیگی کا یہ عمل 28 جولائی تک لازمی مکمل کر لیں۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تمام نامزد بینک بلا کٹوتی تمام واجبات واپس کرنے کے پابند ہیں۔ درخواست گذار اپنے حج واجبات مرضی کے بینک اکاونٹ میں منتقل یا نقد وصول کر سکتے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور عازمینِ حج کو واجبات کی باسہولت واپسی کیلئے نامزد بینکوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ عازمینِ حج کسی قسم کی مشکل، پریشانی یا رہنمائی کیلئے وزارت کی ویب سائٹ پر موجود بینک کوارڈینیٹرز یا شکایت نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں