سنتھیا غیر قانونی، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں، وزارت داخلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزارت داخلہ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے ویزہ سے متعلق حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کردی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنتھیا غیر قانونی، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے۔جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی شہری سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ غیر ملکیوں کے ویزے میں 31 اگست تک توسیع کی گئی تھی، سنتھیا رچی 31 اگست تک قانون کےمطابق پاکستان میں رہ سکتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سنتھیا نے ویزے میں توسیع کی الگ درخواست بھی دے رکھی ہے، 31اگست کے بعد ویزہ توسیع کی درخواست پرقانون کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو فیصلے کی کاپی فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ویزہ نہ ہونے پر سنتھیا ڈی رچی کی ملک بدری کی استدعا کی گئی ہے۔اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے آئندہ جمعے کو فریقین سے کیس میں حتمی دلائل طلب کرلیے ۔سنتھیا رچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا میں درخواست گزار اور فریق اپنا موقف دینے کے لیے عدالت میں موجود ہوتے ہیں،کیس میں اپنا موقف دینے کے لیے ہم یہاں ہیں مگر درخواست گزار نہیں ہے۔امریکی شہری سنتھیا رچی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وزرات داخلہ نے قانون کے مطابق میرے ویزے میں توسیع کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں