بلوچستان میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں، کیسکو کی جانب سے اربوں روپے وصول

کوئٹہ(انتخاب نیوز)کیسکو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویڑن) کی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی مختلف ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھرمیں بھرپورکارروائیاں کررہی ہے اور ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبرسے اب تک صوبہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں بجلی چوروں کے خلاف5ہزار868 تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے 602 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کئے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکونے صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی میٹروں کو شنٹ کئے جانے والے 23ہزار487گھریلوکنکشنز،8ہزارکمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار390زرعی کنکشنزاور487صنعتی صارفین کے کنکشنز منقطع کرکے بعد ازاں ا±ن پر جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح مجموعی طورپربجلی چوروں کو ایک کروڑ20لاکھ56ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً62کروڑروپے بنتی ہے جن میں سے کیسکونے57کروڑ72 لاکھ36ہزارروپے وصول بھی کرلئے ہیں۔ علاوہ ازیں نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اوراس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ36ہزار117 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب57کروڑ11لاکھ روپے بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ کیسکو ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں، لہٰذا تمام صارفین بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچاجاسکے۔علاوہ ازیں کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجتناب کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں