آڈیولیکس کیس پر سماعت، بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج
اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیولیکس کیس میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)کی جانب سے بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کردی۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے آڈیو لیکس کیس میں بینچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آئی بی آڈیو لیکس کیس میں بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتا ہے، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے، آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرڈر میں ڈائریکٹر جنرل آئی بی کو نوٹس کیا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کس نے درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی دی تھی؟۔جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ نے جو جواب دینا ہے وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیجیے گا۔بعد ازاں عدالت نے انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کردی۔


