حب،غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمات کے خلاف کارروائی

حب: زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ اسکیمات کی تعمیر اور سرکاری اراضیات پر قبضہ انتخاب کی خبر پر ایکشن صوبائی حکومت پر حب میں متعلقہ ادارے حرکت میں آگئے اس سلسلے میں بتایاجاتا ہے کہ روزنامہ انتخاب نے گزشتہ اپنی ایک اشاعت میں حب شہر اور مضافاتی علاقوں میں زرعی زمینوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمات کے تحت پلاٹس کی خرید و فروخت سمیت سرکاری اراضیات پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے بعض افسران و اہلکاران کی مبینہ ملی بھگت سے قبضہ کے حوالے سے چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ شائع کی تھی جس پر صوبائی حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو فوری نوٹس لینے کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن کے افسران ایس ڈی او انجینئر حبیب اللہ رونجھو اور بلڈنگ کنٹرول آفیسر عبدالحکیم محمد حسنی نے اسسٹنٹ کمشنر حب روحانہ گل کاکڑکے ہمراہ حب شہر پیرکس روڈ،ساکران اور زرعی علاقہ ساکران کے مختلف حصوں میں زرعی زمینوں پر قائم کی جانے والی غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمات کے خلاف کریک ڈاؤن کر تے ہوئے وہاں پر جاری تعمیرات کو رکوا دیا اور متعدد غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمات کے دفاتر کو سیل بھی کیا گیا اور وہاں پر موجود سامان وغیرہ ضبط کرلیا گیا مزید برآں ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں عنقریب حب شہر اور قرب وجوار کے علاقوں میں سرکاری زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور موروثی بزگر زمینوں کی سیٹلمنٹ کے ذریعے الاٹ منٹ کر کے وہاں پر غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا جبکہ اسکے علاوہ حب کے پٹوارخانہ تحصیلدار اور رجسٹرار دفتر میں غیر متعلقہ افراد کی غیر قانونی مداخلت اور سائلین کو بعض مڈل مین کی توسط سے زمینوں کے انتقال پر لین دین کے بارے میں صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیا ہے ذرائع کے مطابق اس بابت بھی عنقریب ایکشن متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں