ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، مرتضی وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عوام کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ حکومت کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے ہوا ہوگئے، مہنگائی پر قابو پانے کے دعویدار مہنگائی کے زمہ دار بن گئے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سے لے کر آٹا چینی مافیا نے عوام کا نینا دو بھر کر دیا ہے، سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت دے کر رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سونامی کے دعویدار مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی لائے ہیں، خدارا ملک کی غریب عوام پر رحم کیا جائے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء معاشی تنگی، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے توجہ ہٹانے کے مشن پر گامزن ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ٹی وی فیس میں اضافہ بھی قابل مزمت ہے، سلیکٹیڈ حکومت کی پالیسی صرف غریب عوام پر معاشی بوجھ ڈالنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں