وزیراعظم کے معاونین میں غیرملکی کرنسی اکاونٹ رکھنےمیں سردار یار محمد رند تیسرے نمبر پر

اسلام آباد:کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر موجود کابینہ کے ان 20 اراکین کے اثاثہ جات کاجائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق کل 55 غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس 14 مشیران و معاونین اور ان کی اہلیہ کے نام ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں سے 36 غیر ملکی جب کہ 18 پاکستان میں موجود ہیں۔ سردار یار محمد رند کے بھی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس ہیں مگر انہوں نے ان کی تفصیلات نہیں دیں کہ کتنے اکاؤنٹس ہیں، صرف کل رقم درج کی گئی ہے۔
غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں سب سے زیادہ رقم وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم کے پاس ہے۔ غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں ان کے پاس 43 کروڑ، 38 لاکھ روپے ہیں اور ان کے پاکستان کے علاوہ پانچ مختلف ممالک میں اکاؤنٹس موجود ہیں۔
دوسرا نمبر وزیراعظم کے قریبی دوست اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری (ذلفی بخاری) کا ہے۔ ان کی اور ان کی اہلیہ کے چار اکاؤنٹس میں 35 کروڑ، 60 لاکھ روپے کے قریب موجود ہیں۔
تیسرا نمبر معاون خصوصی معاملات برائے وزارت آبی وسائل سردار یار محمد رند کا ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ ان کے پاس غیر ملکی اکاؤنٹس میں 20 کروڑ، 23 لاکھ روپے ہیں۔ چوتھا نمبر مشیر خزانہ حفیظ شیخ ہے جن کے پانچ اکاؤنٹس میں 14 کروڑ، 16 لاک روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں