سلطان رئیسانی کو گورگین مینگل اور اس کے مسلح جتھوں نے اغوا کیا، اہلخانہ کی پریس کانفرنس

خضدار (بیورو رپورٹ) وڈھ کے رہائشی مغوی سلطان رئیسانی کے بھائی میر محمد طاہر رئیسانی، میر سکندر رئیسانی، میر سلیمان رئیسانی، پسند خان رئیسانی و دیگر عزیرو اقارب نے خضدار پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وڈھ میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت میرے بھائی سلطان احمد رئیسانی جوکہ ایک عوامی نمائندہ اور منتخب کونسلر بھی ہے دن دہاڑے گورگین مینگل اور ان کے مسلح جتھوں نے زبردستی وڈھ بازارسے اغوا کیا اور انہیں 28 گھنٹوں تک مبینہ طور پر مغوی سلطان رئیسانی اور ان کے ساتھی جمال مینگل کو تشدد کا نشانہ بنایا، ان کا قصور یہ تھا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بی این پی کیخلاف الیکشن لڑے اور ان کو بری طرح شکست دی، مغوی کونسلر سلطان رئیسانی اور ان کے ساتھی جمال مینگل کی حالت مبینہ تشدد کے باعث تاحال تشویشناک ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ کے عوام اور تاجران اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ وڈھ تاجران بھتہ گیری سے بیزار آچکے ہیں اور انہیں بھتہ نہ دینے پر گورگین مینگل کے مسلح جتھے اغواءکرلیتے ہیں، تاجران کی جانب سے وڈھ میں پریس کانفرنس اصل بھتہ گیروں اور قاتلوں کی حقیقت پر خاموشی، تاجروں کی دھمکیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجران کو دھونس دھمکیاںدیکر ہمارے مغوی پر الزامات لگائے گئے ہیں، ہم ان الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائی کے اغوا میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور وڈھ بازار کو فی الفور بھتہ گیروں سے نجات دلائی جائے، بصورت دیگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت سے سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں