اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے بیٹھک، بلاول سے ن لیگی وفد کی ملاقات

لاہور: چیئرمین بلاول بھٹو سے ن لیگ کے رہنماوں نے بلاول ہاوس لاہور میں‌ ملاقات کی ہے جس میں‌ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کی تیاری پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کی تیاری کا معاملہ، حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نیاے پی سی کے ممکنہ ایجنڈے پر مشاورت کی۔ بلاول بھٹو سے ملاقات کیلئے احسن اقبال، ایاز صادق اور سعد رفیق بلاول ہاوس لاہور پہنچے اور ملک کی سیاسی، معاشی و اقتصادی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کی تجویز کردہ اے پی سی کے ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی، حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں اور نیب قوانین میں ممکنہ ترامیم کے امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم پرویزاشرف، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد اے پی سی کے ایجنڈے کی حتمی تجاویز دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے بھی مشاورت کی جائے گی، اپوزیشن کی دیگر جماعتیں پہلے ہی بلاول بھٹو زرداری کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں