مکران میں بسوں کی ہڑتال، پاک ایران سرحد پر زائرین پھنس گئے

گوادر (این این آئی)مکران میں بسوں کی ہڑتال، پاک ایران سرحد پر زائرین پھنس گئے،مکران بھر کے مسافر بھی رل گئے۔ سرحد پر پر کھانے پینے کے اشیاء کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ۔علاج کی غرض سے بیرون صوبہ جانے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق آل مکران ٹرانسپورٹ یونین کی کال پر آج تیسرے روز بھی مسافر بسوں اور مزدا ٹرکس کا گوادر سمیت مکران کے تینوں اضلاع میں ہڑتال جاری ہے۔ مسافر بسوں کی بندش سے پاک ایران سرحد کے 250 بارڈر پر ایک سو سے زائد زائرین گزشتہ تین دنوں سے پھنس گئے ہیں۔پاک ایران سرحد پر کھانے پینے کے اشیاء کی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔علاوہ ازیں مسافر بسوں کی ہڑتال کے باعث مکران بھر کے مسافروں اور علاج کی غرض سے کراچی جانے والے مریضوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واضع رہے کہ مکر ان ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے کوسٹل ہائیوے اور آر سی ڈی شاہراہ پر چیک پوسٹوں میں ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرنے کے خلاف ہڑتال کیا گیا ہے جس کے لئے ٹرانسپورٹروں نے بھوانی کے مقام پر گاڑیاں کھڑی کرکے اپنا کیمپ بھی قائم کردیا ہے اور حکومت کو وارننگ دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو وہ شاہراہوں کو آمد و رفت کے لئے بند کردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں