شدید گرمی کی لہر جاری ہے، شہری احتیاط برتیں اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کریں

اسلام آباد(یو این اے)گرمی کا پارہ ہائی ہوگیا۔ جنوبی اضلاع شدید گرم۔ میدانی علاقوں میں لو چلنے لگی۔ درجہ حرارت مزید بڑھے گا۔ دادو کا درجہ حرارت 50 تک پہنچ گیا۔ بیشتر شہروں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی۔ محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں اور سر ڈھانپ کر رکھیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گرمی کی حالیہ لہر بدستور جاری ہے۔ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ خیبرپختونخوا میں دن کے وقت گردآلود ہوائیں چلیں گی۔ دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 10 روز کے دوران بعض شہروں کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے گا۔ بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو شدید ہو سکتی ہے۔ شہری ٹھنڈے مشروبات کا استعمال اور سر ڈھانپ کر رکھیں۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد،کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہے گا۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دادو اور موہنجوداڑو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں