امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچا دی، 11ہلاک

نیویارک(صباح نیوز) امریکا کی مختلف ریاستوں میں طوفان اور ہوائی بگولوں کے نتیجے میں 11 شہری ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی متعدد ریاستوں میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچا دی ہے، ہوائی بگولوں سے سب سے زیادہ نقصان ریاست ٹیکساس اور اوکلاہوما میں ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، ہوائی بگولوں کی وجہ سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد چھتیں بھی اڑ گئیں۔ ہوائی بگولوں سے ٹرک الٹ گئے، متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، کئی درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے، ہوائی بگولوں کی شدت کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 50 ہزار لوگ بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ٹیکساس کی کوک اور ڈینٹن کانٹیز میں شدید طوفان کے باعث کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ ان میں سے پانچ اموات ویلی ویو میں رے رابرٹس مرینا کے موبائل ہوم اور آر وی پارک میں ہوئیں۔ طوفان ہوائی بگولوں سے تباہی کے نتیجے میں ڈیڑھ میل کا علاقہ ملبہ بن گیا۔ آرکنساس اور اوکلاہوما میں بھی طوفان سے 4 افراد ہلاک ہوئے، ہر ریاست میں دو، دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں 11 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے، متاثرہ ریاستوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی تلقین بھی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں