کراچی میں 50 سے زائد افراد کو اغوا کرکے قتل کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل اور بھتہ گیری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار سرغنہ احمد علی مگسی گروپ سے ہے، ملزم شہزاد اور نوید سے غیر قانونی اسلحہ، بارود اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔ رینجرز ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان متعدد افراد کو اغوا اور قتل کرنے میں ملوث رہے ہیں، ملزمان نے 50 سے زائد افرادکو اغواکر کے قتل کرنےکا اعتراف بھی کیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے 2010 سے 2018 تک ساتھیوں کے ہمراہ لسانی بنیادوں پر شہریوں کو اغواکیا، ملزمان نے مغویوں کو سنگولین میں سلمان چیئر مین کے گھر میں تشددکے بعد قتل کیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان مغویوں کی لاشوں کوبوری میں بندکر کے شہرکے مختلف علاقوں میں پھینکتے تھے۔ ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان مغویوں کو قتل کرکے بوری میں ڈال کے لیاری ندی میں پھینکتے تھے، ملزمان تاجروں سے بھتہ وصول کرکے گینگ وار سرغنہ کو بیرون ملک بھجواتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں