چیٹ جی پی ٹی کو آئی فونز کا حصہ بنانے پر ایلون مسک کا سخت ردعمل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے شدید مخالف ہیں اور اس کا اظہار بھی مختلف بیانات میں کرتے رہتے ہیں۔ اب ایپل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کو آئی فونز کا حصہ بنانے پر ایلون مسک سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ایلون مسک نے کہا ہے کہ اگر ایپل نے اوپن اے آئی کی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا تو وہ اپنی کمپنیوں میں آئی فونز کے استعمال پر پابندی لگا دیں گے۔ ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (ٹوئٹر) اور ایکس اے آئی کے مالک ایلون مسک نے یہ انتباہ اپنے زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایپل نے اوپن اے آئی کا سسٹم آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا تو وہ اپنی کمپنیوں میں آئی فونز پر پابندی عائد کردیں گے جبکہ دفاتر میں آنے والے مہمانوں سے بھی ایپل ڈیوائسز کو دروازے پر باہر لے لیا جائے گا۔ ایلون مسک کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ اوپن اے آئی کو ایپل کے آپریٹنگ سسٹم میں مدغم کر دیا جائے گا اور اس طرح صارفین کا ڈیٹا غیرمحفوظ ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں