امریکہ میں مظاہرے جاری، ٹرمپ کا مزید شہروں میں سکیورٹی اہلکار بھیجنے کا اعلان

واشنگٹن: پورٹ لینڈ کے مظاہرین پر ہونے والے پولیس تشدد کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید شہروں میں سکیورٹی اہلکار بھیجنے کا اعلان کر دیا۔
پورٹ لینڈ میں انتظامیہ نے وفاقی عدالت کی عمارت کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ دیگر شہروں میں پرتشدد کارروائیاں روکنے کے لیے سکیورٹی اہلکار بھیجیں گے۔ ہیوسٹن کا چینی قونصل خانہ بند کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ بھی ممکن ہے کہ امریکا میں چین کے مزید قونصل خانے بند کر دیئے جائیں۔
گذشتہ روز پورٹ لینڈ میں پولیس نے نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا تھا، تشدد کے علاوہ آنسو گیس کا شدت سے استعمال کیا گیا جس سے علاقے دھویں کے بادلوں سے بھر گیا تھا اور کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے ہاتھوں پہلے جارج فلائیڈ کی ہلاکت اور مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے خلاف امریکہ بھر میں مظاہرین میں اشتعال پھیلتا جا رہا ہے جس پر احتجاج کا سلسلہ مزید پھیلتا دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ ملک بھر میں پھیلے احتجاج کو طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتے ہیں اور انہوں نے مزید وفاقی سکیورٹی اہلکار بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے حالانکہ پورٹ لینڈ کے میئر نے صدر ٹرمپ سے وفاقی اہلکار واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں