جیکب آباد میں ڈاکوﺅں کا پولیس چوکی پر حملہ، اہلکار زخمی، اسلحہ چھین کر فرار

جیکب آباد (آئی این پی) جیکب آباد میں ڈاکوﺅںکا پولیس پکٹ پر حملہ، پولیس اہلکارکو زخمی کرکے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود بائی پاس پر قائم جمالی پولیس پکٹ پر نامعلوم مسلح ڈاکوﺅں نے حملہ کردیا، حملے کے دوران ڈاکوﺅں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار شاہنواز کھکھرانی کو سینے پر گولی مارکر زخمی کردیا اور سرکاری رائفل چھین کر باآسانی فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر زخمی اہلکار کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہونے پر سکھر کی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق جمالی پولیس پکٹ نمبر 9 کے قریب پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلہ ہوا مقابلے کے دوران ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا اور ڈاکو سرکاری رائفل چھین کر فرار ہوگئے، زخمی اہلکار کو علاج کے لیے سکھر منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری ملزمان کے تعاقب کے لیے روانہ ہوچکی ہے، دوسری جانب جیکب آباد ضلع میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر عوام میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، پولیس پکٹ پر ڈاکوﺅں کے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر عوام نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں محافظ ہی محفوظ نہیں وہاں عوام کا کیا حشر ہوگا، دن دھاڑے ڈاکو پولیس چوکیوں پر حملے کررہے ہیں شہریوں سے لوٹ مار کی جارہی ہے لوگوں کو اغوا کیا جارہا ہے لیکن پولیس امن وامان بحال کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کو بحال کرنے کے لیے ایماندار آفیسر مقرر کرکے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں