سندھ اسمبلی کے باہر سراپا احتجاج اساتذہ کا دھرنا، پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج

کراچی (انتخاب نیوز) صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے اساتذہ نے نوکریوں پر مستقل نہ کیے جانے کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا تاہم محکمہ تعلیم کے ذمہ داران کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کر دیا۔ سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے سرکاری اساتذہ کا نوکری پر مستقل نہ کیے جانے کے خلاف تین روز سے پریس کلب پر جاری دھرنا آج احتجاج میں تبدیل ہو گیا۔ مظاہرین تمام رکاوٹیں عبور کر کے سندھ اسمبلی کے باہر جا پہنچے اور نعرے بازی شروع کردی۔ سندھ اسمبلی سے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاﺅس کی جانب بڑھنے کی کوشش تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور مظاہرین پر لاٹھیاں بھی برسائیں۔ اسی دوران سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے اساتذہ کے چار رکنی وفد سے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کو مستقل کرنے کی سمری جلد وزیراعلیٰ کو بھیجی جائے گی۔ اساتذہ نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا اور خبردار کیا کہ اگر وعدہ خلافی کی گئی تو وہ دوبارہ وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں