‘پی آئی اے نجکاری کی فہرست میں شامل نہیں’

سینیٹ میں حکومت نے واضح کیا ہے کہ پی آئی اے نجکاری کی فہرست میں شامل نہیں ، قومی ایئر لائن کی تشکیل نوکرنی ہے ۔عیدالاضحیٰ کے بعد ڈومیسٹک اورانٹرنیشل آپریشن شروع ہوجائے گا۔ سینٹ نے آسیہ اندرابی کی تہاڑجیل میں قید کے خلاف قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی۔

سینیٹ کااجلاس ڈپٹی چئیرمین سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں ہوا۔سینیٹرجاوید عباسی کے توجہ دلاؤ نوٹس پروفاقی وزیرہوا بازی غلام سرورخان نےایوان کو بتایاہمیں 30 جون تک سیفٹی خدشات کے حوالے سے فیڈ لائن دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف جہازحادثے،ہماری نالائقی کوتاہی کی وجہ سے نہیں ہوا ، یہ سلسلہ 2007 سے جاری ہے۔ یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی طرف سے معطلی ہے جو یورپ اور یو کےلئے ہے۔آپریشن چھ ماہ کےلئےسسپنڈ ہوئےدو ماہ کی اپیل کا وقت دیا گیا ہے،مشاورت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ ہم30 اگست سے پہلے اپیل دائرکردیں گے۔ہم اپنی بہترین کوشش کر رہے ہیں اور معطلی ختم ہو۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے 262 ارب روپے کی مقروض ہے۔اس کے بعد سول ایوی ایشن نے ڈگریاں خود چیک کرنا شروع کیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پی آئی اے میں اس تمام خرابی کے معاملے میں ہم نے سہولت کار اورمجرم تک پہنچا ہے۔ہم امتحانات کے نظام کو بھی دیکھیں گے ۔سینیٹ سے بھی تجاویز لیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے ہی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنی۔پی آئی اے نجکاری فہرست میں نہیں ۔پی آئی اے کی دوبارہ تشکیل نو کرنی ہے۔غلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے کو عیدالاضحیٰ تک چار شہروں کےلئے ڈومیسٹک آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ کورونا میں کمی ہورہی ہے ۔ عیدالاضحیٰ کے بعد ڈومیسٹک اور انٹرنیشل آپریشن شروع ہوجائے گا۔اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرکی جانب سے پائیلٹس کی ڈگریاں جعلی ہونے کے بیان نے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے پاکستان کا تماشہ لگا ہے ، ریاست پاکستان پر سوالات اٹھے ہیں۔

سینیٹ میں حکومت نے تسلیم کیا کہ سات کروڑ عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ دوسال میں چھ مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔علی محمد خان نے توجہ دلاو نوٹس اور اپوزیشن کی طرف سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کے جواب میں کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے انکار نہیں کرتا لیکن اسحاق ڈار نے کس طرح ڈالر کی قیمت کو مصنوعی کنٹرول میں رکھا اس سے اتفاق نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ جولائی 2018تک دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ 3 اعشاریہ 92 اضافہ ہوا۔جولائی 2019 میں ادویات کی قیمتوں میں 7 اعشاریہ 32 فیصد اضافہ ہوا۔

حکومت نے 2019 میں 400 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی۔اس فیصلے کےخلاف فارمہ کمپنیاں سندھ ہائی کورٹ گئی۔عدالت نے اس معاملے پر ان کے خلاف فیصلہ دیا تو کچھ کمپنیاں سپریم کورٹ پہنچیں ۔نا چاہتے ہوئے ادویات کی قیمتوں میں مجبوراً 7 سے 10 فیصد اضافہ کرنا پڑا۔علی محمد خان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی غیرملکی دوروں کے اخراجات میں کمی کرچکے ہیں۔ وزیراعظم کی تنخواہ تین لاکھ سے کم ہے اس میں ہی گزارہ کر رہے ہیں۔

علی محمد خان نے بتایا کہ نوازشریف نے غیرملکی دوروں پر ایسے ہی خرچ کیا جیسے بادشاہ کرتے ہیں۔نوازشریف نے غیرملکی دوروں پر 1.8 ارب روپے خرچ کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے 25 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیا۔وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ نوازشریف کے دورمیں لندن کے پرائیوٹ دورے بھی شامل ہیں ۔پیپلزپارٹی کے دورکے یواے ای کے پرائیویٹ دورے بھی شامل ہیں۔ماضی میں ذاتی دوروں پرسرکاری اخراجات کیے گئے اور یہ معاملہ نیب کے پاس ہے۔

مشاہداللہ خان نے کہا کہ آج وزیر اعظم ہاؤس کا خرچہ زیادہ ہے ۔ماضی میں وزیراعظم بنی گالہ سے ہیلی کاپٹر پر نہیں آتے تھے۔سینٹ نے آسیہ اندرابی کی تہاڑ جیل میں قید کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد مشاہد حسین سید نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت آسیہ اندرابی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے ۔سینیٹ کا اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں