حکمران چور دروازے یعنی واشنگٹن سے نامزد ہوکرآتے ہیں، جسٹس وجہیہ الدین

کراچی (رفیق بلوچ) عام لوگ اتحاد پارٹی کے رہنما ء جسٹس (ر) وجہیہ الدین نے کہا ہے کہ دراصل اس ملک میں جتنے حکمران آئے وہ چور دروازو ں سے آئے بلکہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ واشنگٹن سے نامزد ہوکر آتے ہیں لہٰذا وہ ملک کے عوا م کی مرضی سے نہیں امریکہ کی ڈکٹیشن پر مملکت کو چلاتے رہے ہیں ان کو اس بات کا خدشہ ہے کہ پاکستان نے صحیح معنوں میں انگریزوں سے آزادی حاصل نہیں کی ہے پہلے ہم انگریزوں کے براہ راست غلام تھے اب ہم ان کے غلاموں کے غلام ہیں۔ ہفتہ کو ”انتخاب“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے عمران خان کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی طورپر مفلوج ہے عام آدمی روٹی کے حصول کے لیے ترس رہے ہیں، پینے کے لیے صاف پانی، بجلی، گیس، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں سے محروم ہیں۔موجودہ حکمرانوں نے حکومت سے آنے سے پہلے عوامی مسائل کو حل کرانے کے لیے کئی وعدے کیے لیکن یہ دیکھا گیا ہے ان کو مشکلات کم کرانے کے بجائے مزید پیچیدہ بنا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ چونکہ وہ کرکٹ کھیلتے تھے، عمران خان نے اپنے کرکٹ کے دور میں کچھ اچھے کارنامے انجام دیے جس سے متاثر ہوکر وہ ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، عمران خان نے میری شان کے مطابق پارٹی میں اچھا عہدہ دیا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ان کی بعض برائیاں دیکھ کر ان کی پارٹی چھوڑنی پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد ہی پارٹی کے عہدیداروں کا اعلان کریں گے لیکن وہ خود کوئی عہدہ نہیں لیں گے، انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایاکہ موجودہ حکمرا ن اور اپوزیشن دونوں ملک اور عوام کے لیے مخلص نہیں ہیں اس لیے حکومت کی تبدیلی اتنی آسان نہیں، جتنی آوازیں سنائی دے رہی ہیں لگتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ملک کو دلدل سے نکالنا نہیں چاہتی۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک بحران سے نہیں نکلتے دوسرے بحران کا شکار ہوجاتے ہیں ان تمام بحرانوں کے اثرات براہ راست عام عوام پر پڑ رہے ہیں، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بھارت قیام پاکستان سے ہمارا دشمن رہا ہے موجودہ حکمران اس کو فائدہ پہنچانے کی کوششوں میں ہے، مقبوضہ جموں کشمیر کو اپنے آقاؤں کے مطابق طشتری میں رکھ کر بھارت کے حوالے کیا گیا ہے خطے میں ہماری پوزیشن مستحکم ہونے کے بجائے کمزور ہوتی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں