سینیٹ میں عمران خان کے مسئلے پر حکومت و اپوزیشن ارکان کے ایک دوسرے کیخلاف نعرے
اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا میں اپوزیشن اور حکومتی بنچوں کے مابین ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا،چیئرمین سینیٹ کی بار بار تنبیہ کی باوجود حکومتی اور اپوزیشن اراکین نعروں سے باز نہیں آئے جس پر اجلاس آج منگل کی شام تک ملتوی کردیا گیا۔سوموار کے روز ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر بنانے گئے کیسز کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید نے ایوان بالا کا ماحول خراب کردیا اس موقع پر حکومتی وزرااور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جس پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے بھی بھرپور جواب دیا اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو بار بار بیٹھ جانے اور شور نہ کرنے پر اپوزیشن لیڈر بھی سیخ پا ہوگئے اور چیئرمین کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ حکومت اور پیپلز پارٹی کے اراکین کو خاموش ہونے کا نہیں کہہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت اور پیپلز پارٹی نے اسی طرح کا رویہ اپنائے رکھا تو ہم بھی انہیں بولنے ہیں دیں گے چیرمین سینیٹ کی جانب سے بار بار منع کرنے کے باوجود بھی حکومت اور اپوزیشن دونوں جاب سے ایوان میں شدید نعرے بازی ہوتی رہی جس پر چیرمین سینیٹ نے اجلاس آج منگل تک ملتوی کردیا۔