بلوچ راچی مچی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کراچی میں کینڈل واک
کراچی (انتخاب نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی نے جمعرات کی شام کو بلوچ راجی مچی گوادر میں شرکت کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے سیاسی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور انکی یاد میں کینڈل واک اور شمع روشن کیے گئے۔ لیاری کے علاقے آٹھ چوک سے کینڈل واک کا آغاز ہوا اور بلوچ چوک چاکیواڑہ پر ختم ہوا۔ واک میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ہاتھوں میں روشن شمعیں اٹھائے ہوئے تھے جاں بحق اور زخمی کارکنوں کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں راجی سوگندی دیوان کا بھی انعقاد کیا گیا۔ کینڈل واک کی قیادت بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی رہنما فوزیہ بلوچ اور مرکزی آرگنائزر لالا وہاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ نوشکی میں حمدان بلوچ کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔ ریاستی جبر کرکے رابجی مچی میں شریک کارکنوں کو نشانہ بنایا، ایک سو سے زائد زخمی اور 4 جاں بحق ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ راجی مچی مکمل طورپر ایک پرامن اور جمہوری جدوجہد کا تسلسل ہے، لیکن ریاست نے رکاوٹیں کھڑی کرکے بلوچ عوام کو آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے بھی آواز بلند کرنے کی ناکام کوشش کی گئی لیکن گوادر اور بلوچ عوام نے ثابت کرکے دکھایا کہ بلوچ اپنی سرزمین کیلئے متحد ہیں۔


