دشمن بلوچستان کو توڑنے کی سازش کررہا ہے، حکومت سے معاہدے پر عملدرآمد کروائیں گے، حافظ نعیم

لاہور (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت سے معاہدے کی ایک ایک شق پر عملدرآمد کرائیں گے اور اگر حکومت نے معاہدے سے ہٹنے کی کوشش کی تو ملک میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ رکھتا ہے، اسلام آباد دھرنے پر پنجاب حکومت نے گرفتاریاں کیں، خواتین کے قافلے روکے، پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے تخت کا پتہ نہیں کب تختہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں 14روز عوام کے لیے دھرنا دیا، جس کے بعد حکومت نے ہمارے ساتھ45 روز کا معاہدہ کیا ہے، ہم ایک ایک دن گن رہے ہیں، جماعت اسلامی معاہدہ پورا کرنا جانتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے بچے بچے کو پتہ چل گیا کہ آئی پی پیز ہماری دشمن ہیں، آئی پی پیز کے ذریعے عوام کا خون چوسیں گے تو کون ان کی عزت کرے گا، جماعت اسلامی مظلوموں کی امیدوں کا مرکزبن گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل پر غور کیا جائے دشمن اس کو توڑنے کی سازش کر رہا ہے، اگر کوئی غیر معمولی سرگرمیوں میں ملوث ہے تو قانون موجود ہے، پاکستان آئین اور دستور کے مطابق چل رہا کسی کو لاپتہ کرنے کا حق نہیں ہے، ملک میں اتفاق رائے پیدا کرکے مسائل کو حل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں