روزنامہ انتخاب کے اشتہارات کی بندش اخبار کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے، بی این پی
منگچر (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ٹکری شفقت اللہ لانگو نے کہا ہے کہ انتخاب اخبار کے اشتہارات کی بندش آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے، ملک میں کنٹرولڈ میڈیا پالیسی قابل مذمت ہے، ایک طرف ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سوشل میڈیا سارفین کو اربوں روپے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے تو دوسری جانب پرنٹ میڈیا خصوصا بے لاگ تبصروں کی وجہ سے عوام میں مقبول انتخاب اخبار کو دیوار سے لگانے کی سارش کی جارہی ہے۔ انتخاب اخبار کے مالک انور ساجدی ایک سلجھے ہوئے پڑھے لکھے شخصیت کے مالک ہونے کیساتھ ساتھ ایک دانشور اور بہت اچھے لکھاری بھی ہیں۔ حکومت وقت کو چاہیے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے منہ میں اپنے الفاظ دینے کے بجائے ملکی قوانین کے مطابق غیر جانبدارانہ طور پر تجزیہ و تبصرہ کرنے دیا جائے۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ انتخاب اخبار کے اشتہارات بحال اور ادائیگیاں کی جائیں۔


