غزہ میں سیز فائر معاہدے کیلئے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ تل ابیب پہنچ گئے

تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جاری جنگ میں سیز فائر معاہدے کے لیے سفارتی دباﺅ بڑھانے کی غرض سے مشرق وسطیٰ کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غزہ میں اکتوبر میں جنگ کے آغاز بعد سے خطے میں دسواں دورہ کرنے والے انٹونی بلنکن پیر کو وزیر اعظم نیتن یاہو سمیت اسرائیلی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کے بعد انٹونی بلنکن مصر کا دورہ کریں گے۔ بائیڈن انتظامیہ کے سینئر عہدیدار نے تل ابیب جاتے ہوئے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کے مذاکرات اہم موڑ پر پہنچ چکے ہیں اور بلنکن تمام فریقین پر اس معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ وقت بہت اہم ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر اور قطر اب تک مذاکرات کو کامیاب بنانے اور خونریزی روکنے میں ناکام رہے ہیں۔