خواتین کو محفوظ اور بہتر ماحول کے فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ،جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں کام کرنے کے ایک محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لئے تحفظ خواتین ایکٹ 2016ء پر بھرپور طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جار ہا ہے جبکہ اس شعبہ میں کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ حقوق نسواں کی تنظیم مہرگڑھ جنسی ہراسمنٹ کمیٹی کی رکن نفیسہ شاہوانی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، رکن صوبائی اسمبلی لیلیٰ ترین اور خاتون محتسب صابرہ اسلام بھی اس موقع پر موجود تھیں، نفیسہ شاہوانی نے وزیراعلیٰ کو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے کمیٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت اور کمیٹی کے مابین ایم او یو تیار کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں خواتین اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا کہ ہراسگی کا مفہوم کیا ہے اس کے مسائل کیا ہیں اور ان سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے، ملاقات میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ خواتین میں جنسی ہراسگی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی روک تھام کا موثر میکنز م بنانے کی بھی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خاتون محتسب اور محکمہ ترقی نسواں کے حکام کو کمیٹی کے ساتھ متعلقہ امور کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں