اپوزیشن پارٹیاں غلط بیانی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کررہی ہیں،بی اے ایس ایف

کوئٹہ: بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر حبیب اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو برسراقتدار آئے 2سال ہوچکے ہیں، قلیل مدت میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت نے گزشتہ40سال کے مقابلے میں زیادہ رترقیاتی کام کئے ہیں جس پر بی اے پی او رصوبائی حکومت داد کے مستحق ہیں، اپوزیشن پارٹیاں غلط بیانی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کررہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے علی الرحمن کاکڑ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات کو 2سال ہوچکے ہیں جو پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں تھے، عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت نے جو ترقیاتی کام کئے وہ گزشتہ 40سال میں نہیں ہوئے تھے،صوبے میں روڈوں، ہسپتالوں،کالجوں، سکولوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن سمیت کئی ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا ہے جس پر ہم پارٹی اور صوبائی حکومت کو مبارکبادپیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنان صوبائی حکومت اور پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں غلط بیانی کرکے عوام گمراہ کرنے کی کوششیں کررہی ہیں تاہم صوبائی حکومت کی کارکردگی صوبے کے عوام پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں