صحافی انور جان کھیتران کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے،حاصل بزنجو

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 23 جولائی کو قتل ہونے والے صحافی انور جان کھیتران کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ پیر کو اپنے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت کی بدعنوانی کو اجاگر کرنے والی آواز کو خاموش کرنے والے مجرموں کی گرفت کے لئے ابھی تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں صحافیوں کے لئے سب سے خطرناک ملک بن گیا ہے لیکن بدقسمتی سے حکمران صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کچھ نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے افراد پر حملوں کے پیچھے ریاست کے طاقتور عناصر، بااثر سیاستدان اور مختلف مجرمانہ ذہنیت والے لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میڈیا کے لئے سب سے مشکل وقت تھا۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کے بجائے میڈیا کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ "عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کاروں کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ وہ پوچھ رہے ہیں کہ انور جان کے قاتل بلا خوف و خطر کیوں آزاد گھوم رہے ہیں۔” انہوں نے انور جان کے قاتلوں کی گرفتاری اور صحافی برادری کے مسائل کو تمام فورمز میں اٹھانے کا عزم کیا۔ انہوں نے انور جان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لئے دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں