چوہدری برادران کے خلاف نیب میں کیسز”بزدار بچاؤ“ مہم کا حصہ ہیں،حافظ حسین احمد

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق ممتاز پارلیمنٹرین و سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ چوہدری برادران کے خلاف نیب میں کیسز”بزدار بچاؤ“ مہم کا حصہ ہے، نیب کوسیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دور میں سیاستدانوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے نیب کا ادارہ بنایا گیا جس میں وہ کامیاب بھی رہے، نیب تحقیقات نہیں بلکہ سیاسی فاداریاں تبدیل کرنے والا ادارہ ہے، چوہدری برادران کے خلاف نیب میں کیسز درحقیقت ”بزدار بچاؤ“ مہم کا حصہ ہے، نیب کے ذریعے چوہدری برادران پر پریشر ڈال کر پنجاب کی جو موجودہ صورتحال ہے اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، چوہدری برادران کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کی تیز رفتاری کو دیکھ کر نیب کے ذریعے ”اسپیڈ بریکر“ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا اورادویات جیسے سنگین اسکینڈلز سامنے آئے لیکن وہاں نیب نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں، نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف دو سال کے دوران پوری کوشش اور تگ و دو کے باوجود ابھی تک کوئی کیس نہیں بنایاجاسکا نیب جیسے انتقامی ادارے سے نہ ہم کبھی ڈرے ہیں اور نہ کبھی جھکے ہیں، حافظ حسین احمد نے کہا کہ نیب چیئرمین خود اعتراف جرم کرچکے ہیں کہ اگر وہ کیسز بنائیں اور عدالتوں میں لے جائیں تو حکومت ایک دن میں گر جائے گی، نیب چیئرمین کے مطابق تمام کرپٹ عناصر جن کو کسی نہ کسی انداز میں عمران خان کے پلو میں باندھ دیا گیا ہے اگر ان کے خلاف کیسز کھولے گئے تو حکومت باقی نہیں رہے گی، نیب چیئرمین کے ایسے بیان کے بعد واضح طور پر ثابت ہوچکا ہے کہ نیب کے ادارے کو صرف سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں