وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہوگیا، پنجاب میں بجلی سستی کرنیکا اعلان سمجھ سے بالاتر ہے، بلاول بھٹو
کراچی (یو این اے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ منشور کے مطابق غریب عوام کو سولر پینل دے رہے ہیں۔ کراچی میں مستحق گھرانوں میں مفت ہوم سولر پینل تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بجلی کےبلوں سے متاثرہ افراد کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، الیکشن میں غریب عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، اب دوسری جماعتوں میں بھی غریب عوام کو ریلیف دینے کی سوچ آئی ہے، سولر اسکیم ہمارے منشورکا حصہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کررہی ہے، مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف دیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سولر پارک بنا رہے ہیں، وفاق سے بہت مہنگی بجلی ملتی ہے، ہماری خواہش ہے کم قیمت پرسندھ کے عوام کو بجلی فراہم کریں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر پنجاب حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پلاننگ اورکام کرنے میں وقت لگتا ہے، ایک دم اعلان نہیں کیا جاتا، سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ میں سولرپہنچائیں گے، 200یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بجلی کا بل اتنا آتا ہے تو کرنٹ لگ جاتا ہے، وفاق کےادارے کام نہیں کر رہے، وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہوگیا ہے، انشااللہ! جب پیپلزپارٹی کو وفاق میں حکومت کا موقع ملے گا تو عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے غریب طبقے کوریلیف پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نےچودہ روپےفی یونٹ سستا کرنےکا اعلان کیا ہے، بجلی کوسستا کرنے کے اعلان کی حدتک خوش آمدید کہتے ہیں، وزیراعظم سے کہا جو پنجاب میں بجلی سستا کرنےکا اعلان کیا گیا وہ میری سمجھ سے باہر ہے، دوماہ کے چکر میں اگر بارہ مہینے پھرعوام کو تکلیف ہو تو ایسے منصوبے نہیں چاہئیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بجلی کےحوالے سے پائیدارحل چاہتےہیں، ہم گرین انرجی کے ذریعے بجلی کے بلوں میں ریلیف پہنچا سکتے ہیں، لاڑکانہ کے عوام18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں، آج کوئی لانگ مارچ،عدم اعتماد نظر نہیں آ رہا لیکن وفاق کا فیصلہ سمجھ سے باہرہے، چیف منسٹر سندھ رابطہ کریں گے وزیراعظم ہمیں سستی بجلی کے حوالے سے قائل کریں۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہم کراچی سے لانگ مارچ کےلیے نکلے تھے، لانگ مارچ سے بانی پی ٹی آئی کی کانپیں ٹانگ گئی تھیں، اس وقت بانی پی ٹی آئی نے اعلان کیا پٹرول کی قیمتوں میں کمی کریں گے، بانی پی ٹی آئی کے ایک فیصلے کی وجہ سے آج پٹرول، اشیا خورونوش مہنگی ہوئی ہیں۔