شہباز شریف، بلاول بھٹو زر داری ملاقات،ان کا کچھ بننا نہیں، شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ دونوں کی بغل میں چھری ہے اور منہ میں رام رام ہے، ان کا کچھ بننا نہیں،کراچی میں بارشوں کے بعد سیوریج کانظام مکمل فیل ہو چکا ہے،عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، بارشوں کے بعد سندھ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت نظر آرہا ہے،وفاقی حکومت کراچی کیلئے جوکچھ ہو سکا وہ ہر ممکن حد تک کرے گی، پٹرول کی قلت کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن بنادیا ہے، آٹے اور چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں،کسی چیز کی کوئی قلت نہیں، گند م ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے،عید اور محرم پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ہر صوبہ سمارٹ لاک ڈاؤن کر سکتا ہے،انتخابی اصلاحات کا بل عید کے بعد پیش کیا جائے گا،وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر ہونے کا حق اداکیا،5اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی بھر پور مذمت کی جائے گی۔منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہاکہ کراچی میں بارشوں کے بعد سیوریج کانظام مکمل فیل ہو چکا ہے،کراچی کی صورتحال دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ وہاں کسی کی حکومت نے نہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے سندھ بشمول کراچی کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ کراچی کے عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کے بعد سندھ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت نظر آرہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وفاقی حکومت کراچی کیلئے جوکچھ ہو سکا وہ ہر ممکن حد تک کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بعض میڈیا اور اخبارات کے مالکان نے اپنے ورکرز کو تنخواہیں نہیں دیں،وزیراعظم نے میڈیا مالکان کی طرف سے ورکرز کو تنخواہیں نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قلت کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یوروفائیو پٹرول کی دستیابی کو آئندہ ماہ تک یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آٹے اور چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں،کسی چیز کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام صوبوں میں آٹے اور چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی فلور ملوں کو گندم کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت فلور ملوں کو گند م پر سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گند م ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے کرونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدپر احتیاط کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام عید اور محرم پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،کرونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے احتیاط کی جائے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے کرونا پر بھی سیاست کی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے حوالے سے ہر صوبے کا حق ہے کہ وہ سمارٹ لاک ڈاؤن کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر ہونے کا حق اداکیا،5اگست کو کشمیر سے متعلق متعدد پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں،5اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی بھر پور مذمت کی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم نے اعظم سواتی سے انتخابی اصلاحات کے بل پر معلومات حاصل کیں،انتخابی اصلاحات کا بل عید کے بعد پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو اجازت دی ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات پر کہاکہ دونوں کی بغل میں چھری ہے اور منہ میں رام رام ہے، ان کا کچھ بننا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں