نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں کو کارکردگی دکھانا ہوگی،جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو انتظامی افسران کی تعیناتی اورتبادلوں کے حوالے سے رولز آف بزنس میں ترمیم اور اصلاحات کی سفارشات کی تیاری اور ڈویژنوں اور ضلعوں میں انتظامی و ضلعی افسران کو دفاتر اور رہائش گاہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی تجاویز کی تیاری کا ٹاسک تفویض کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی افسران کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرکے ان کی استعداد کار اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاونت فراہم کی جائے گی تاہم افسران کو بھی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے محنت اور لگن کو شعار بنانا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اضلاع میں سرکاری افسران کے لئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا جس میں ایس ایم بی آر قمرمسعود اور سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ارشد مجید نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامی افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے انہیں دوردراز کے اضلاع میں رہائش اوردیگر سہولتوں کی فراہمی ناگزیر ہے، افسران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تو عوامی مسائل بھی حل ہوں گے اور ضلعوں کی حالت بھی بہتر ہوسکے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامی افسران میں اسسٹنٹ کمشنر پر امن وامان، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے جس کے لئے وہ جوابدہ بھی ہیں، وزیراعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور ان کے دوسالہ پروبیشن پیریڈ اور عرصہ تعیناتی کے دوران ان کی کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے ڈویژنل کمشنروں کو اپنے ڈویژن کے اضلاع، ڈپٹی کمشنروں کو اپنے ضلع کی تحصیلوں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو اپنے حدود میں آنے والے علاقوں کا باقاعدگی اور تسلسل کے ساتھ دورہ کرنے، ترقیاتی امور کی نگرانی اور عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرکے ان کے حل کے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران کی کارکردگی کو باقاعدگی کے ساتھ مانیٹر کرنے کا میکنزم بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں