اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو اسرائیل میں داخلے سے روک دیا گیا

تل ابيب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے وزیرخارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کی کھل کر مذمت نہیں کی۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیرخارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا کہ گوتریس نے ایران کی مذمت نہیں کی جس کی وجہ سے وہ اسرائیل میں ناپسندیدہ شخصیت بن گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی اسرائیل پر ایران کے وحشیانہ حملے کی کھل کر مذمت نہیں کرتا وہ اسرائیل کی سرزمین پر پاؤں رکھنے کا حق دار نہیں ہے حالانکہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ یا اس کے بغیر اپنے شہریوں کا تحفظ جاری رکھے گا اور اپنا قومی وقار برقرار رکھے گا۔خیال رہے کہ ایران نے منگل کو اسرائیل پر 180 سے زائد میزائل فائر کیے تھے اور اس کو لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا جواب قرار دیا تھا تاہم کسی جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی تھی۔انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز اپنے مختصر بیان میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور حالیہ حملوں کی مذمت کی تھی اور اس سے قبل اسرائیل نے لبنان میں زمینی فوج داخل کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں