شام میں حکومتی فورسز اوربشار الاسد کے حامیوں میں شدید جھڑپیں، 5 سو سے زائد ہلاکتیں

مانیٹرنگ ڈیسک : شام میں سیکیورٹی فورسز کی معزول صدر بشار الاسد کے حامیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 524 ہوگئی۔سیرین آبزرویٹری کے مطابق جمعرات سے جھڑپوں میں 213 سیکیورٹی اہلکار اور جنگجوؤں سمیت 524 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ساحلی ریجن میں ہونے والی جھڑپوں میں سیکیورٹی فورسز اور اتحادی گروپوں کے حملوں میں 311 شہری مارے گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق شام کی سیکیورٹی فورسز ایک روز سے جاری پرتشدد جھڑپوں کے بعد ملک کے ساحلی علاقوں میں معزول صدر بشار الاسد کے وفادار جنگجوؤں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کر رہی ہیں، ساحلی شہروں لاذقیہ اور ترطوس میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔دسمبر میں باغیوں کی جانب سے بشار الاسد کا تختہ الٹنے اور اسلام پسند عبوری حکومت کے قیام کے بعد سے شام میں یہ بدترین تشدد ہے۔یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب لاذقیہ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران سرکاری فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، ساحلی علاقہ علوی اقلیت اور اسد خاندان کا گڑھ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں