جعفر ایکسپریس حملے پر نام نہاد بلوچ قوم کے رہنماؤں کی خاموشی معنی خیز ہے، خرم دستگیر

ویب ڈیسک : نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس سانحے کے بعد جن پاکستانیوں کے ذہنوں میں یہ بات تھی کہ یہ ناراض لوگ ہیں اور حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں ان کے دلوں میں بات واضح ہوجانی چاہئیے کہ یہ لوگ پاکستان اور بلوچستان کے خیرخواہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیک وقت انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانا، اغوا اور قتل پوری دنیا میں تشویشناک سمجھا جاتا ہے اور پھر ایسی تنظیموں پر ریاست کے تمام وسائل انہیں ختم کرنے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ باہر جو لوگ بیٹھے ہیں اور جو جینیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر سے چند میل دور رہتے ہیں ، وہ اس بات کو واضح کریں کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور تشدد سے اپنا تعلق توڑ رہے ہیں، اگر وہ خاموش رہتے ہیں خاص طور پر وہ لوگ جو حال ہی میں بلوچ قوم کے نام نہاد رہنما بن کر سامنے آئے، ان کی معنی خیز خاموشی رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں