اسرائیل سے رابطہ رکھنے کا الزام، ایران میں 7 افراد کو سزائے موت دیدی گئی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے ہفتے کے روز اسرائیل سے رابطہ رکھنے والے 7 افراد کو سزائے موت دے دی، ان کو چند سال پہلے سیکورٹی اہلکاروں اور ایک مذہبی عالم کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایرانی عدلیہ کی خبر رساں ایجنسی میزان نے اطلاع دی کہ 6 افراد عرب نسلی اقلیت کے علیحدگی پسند تھے، جن پر خرمشہر، صوبہ خوزستان کے جنوب مغربی شہر میں مسلح حملے اور بم دھماکوں کے الزامات تھے، ان دھماکوں میں 4 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ ساتواں شخص سامان محمدی خیارہ کرد تھا، جسے 2009 میں کرد شہر سنندج میں حکومت نواز سنی عالم ماموستا شیخ الاسلام کے قتل کے جرم میں سزا دی گئی ہے۔ میزان کی جانب سے بتایا گیا کہ ان افراد کے اسرائیل سے روابط تھے، تاہم یہ ایسا الزام ہے جسے انسانی حقوق کی تنظیمیں مسترد کرتی ہیں، ان تنظیموں کے مطابق تہران اکثر نسلی اقلیتوں کے خلاف داخلی اختلاف کو غیر ملکی حمایت یافتہ ظاہر کرنے کے لیے ایسے الزامات لگاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں