میکسیکو، سپر مارکیٹ میں دھماکہ، بچوں سمیت 23 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے
کراچی (ویب ڈیسک) میکسیکو کے شمالی حصے میں سپرمارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا ایک حادثہ معلوم ہوتا ہے، جو غالباً خراب برقی ٹرانسفارمر کے باعث پیش آیا ہے۔ ریاست سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ایک وڈیو پیغام میں بتایا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن متاثرین کی لاشیں ملی ہیں، ان میں کچھ نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہرمو سیلو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں دھماکا ہوا تھا۔ دورازو نے کہا کہ میں نے اس واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے وسیع اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی مفروضہ یہ ہے کہ یہ واقعہ حادثاتی تھا، اور تحقیقات کا مرکز ایک ٹرانسفارمر ہے جو سپرمارکیٹ کے اندر نصب تھا۔ دھماکا والڈوز نامی اسٹور میں شہر کے مرکزی علاقے میں ہوا۔


