راولپنڈی، شہادتیں ریکارڈ ہونے تک اے ٹی سی کا علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لینے کا حکم
راولپنڈی (پ ر) راولپنڈی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر 2024 کے پرتشدد احتجاج کے مقدمے میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عارضی تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف راولپنڈی کی اے ٹی سی میں سماعت ہوئی، ملزمہ علیمہ خان نے مو¿قف اختیار کیا کہ ہمارے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، جانے کی اجازت دی جائے۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کرمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہے، ملزمہ کی ضمانت نہیں، عدالت کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جاسکتیں۔ علیمہ خان عدالت سے نکلیں توخواتین اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا، علیمہ خان کو شہادتیں ریکارڈ ہونے تک تحویل میں لینے کی اجازت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ ملزمہ عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں۔ بعد ازاں علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے علیمہ خان کو شہادتیں ریکارڈ ہونے تک تحویل میں لینے کی اجازت دی۔


