الیکشن سے پہلے نجی ہوٹلوں میں تیار کی گئی بلوچستان حکومت کو کوئی بھی سیاسی قوت عوامی حکومت تسلیم نہیں کرسکتی، مولانا واسع

کوئٹہ (این یان آئی )امیر جے یو آئی بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جے یو آئی کی سیاست اسلامی شعائر، ختمِ نبوت ، ناموسِ رسالت کے تحفظ، مدارس و دینی مراکز کے دفاع اور عوامی خدمت پر قائم ہے۔ ہم سیاست کو محض اقتدار کی دوڑ نہیں سمجھتے، بلکہ اسے ایک عظیم عبادت اور عوامی امانت تصور کرتے ہیں۔ شائستگی، روایتی سیاسی اقدار اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کا حل ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بیک وقت اسلامی تشخص کے دفاع، مذہبی مراکز کی حفاظت، ان کے مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ جے یو آئی کی جدوجہد کا محور ہمیشہ عوام رہے ہیں، نہ کہ کرسی یا اقتدار۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی کے خلاف تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی اور بلوچستان کے عوام کو حقیقی نمائندگی سے محروم رکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج صوبہ شدید بحرانوں کا شکار ہے، جن کا بنیادی سبب وہ جعلی، نااہل اور مسلط کردہ حکمران ہیں، جنہیں عوامی تائید کے بجائے خفیہ بندوبست کے ذریعے بھرتی کیا گیا۔ الیکشن سے پہلے نجی ہوٹلوں میں بیٹھ کر تیار کی گئی حکومت کو کوئی بھی سنجیدہ سیاسی قوت عوامی حکومت تسلیم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اپنا مقدمہ خود ہار رہی ہے، مسائل کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ جو لوگ جمہوریت کو انتقام، کاروبار یا ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتے رہے، آج ان کے پاس قوم کو دینے کے لیے کوئی راستہ، جواب یا دلیل باقی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی صوبے کی واحد اکثریتی عوامی قوت ہے۔ کوئٹہ کے عوام نے تو انتخابات سے قبل ہی جے یو آئی کی جیت کی خوشخبری دے دی ، اور ان شاء اللہ ہم تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ اہلِ بلوچستان کا مشترکہ گھر ہے، لیکن گزشتہ کئی سالوں سے اسے کھنڈرات کی شکل دے دی گئی۔ یہاں ایسے جعلی اور مسلط کردہ نمائندے بٹھائے گئے جو کوئٹہ کے لوکل بھی نہیں اور جنہیں نہ عوام کے مسائل سے دلچسپی ہے نہ شہر کی بربادی سے کوئی سروکار۔مولانا عبدالواسع نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد جے یو آئی اپنے لوکل منتخب نمائندوں کے ذریعے رات دن عوام کی خدمت کرے گی۔ انہی کی کاوشوں سے پہلے محدود میٹروپولیٹن کارپوریشن کو وسعت دے کر پورے ضلع کو میٹرو پولیٹن کا درجہ دیا گیا، اور اب جے یو آئی اس نظام کو مزید مو¿ثر، مضبوط اور فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نہ صرف صوبے کی سب سے بڑی عوامی قوت ہے بلکہ وہ واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں خدمت، استقامت، جدوجہد اور اصولی سیاست کا لوہا منوایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کا ہر باشعور شہری جانتا ہے کہ مستقبل کی حقیقی اور باوقار قیادت صرف جے یو آئی کے پاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں