ایمریٹس ایئرلائن اسرائیل کے لیے پروازیں چلانے کو تیار، منظوری کی منتظر
دبئی؛دبئی کی الامارات (ایمریٹس)ائیرلائنز اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے اعلان کے بعد مسافر پروازیں چلانے کو تیار ہے۔البتہ فی الوقت وہ اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان شہری ہوابازی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کا سمجھوتا طے پانے کی منتظر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الامارات کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او)عادل الرضا نے کہاکہ یہ دو حکومتوں کے درمیان ایک معاہدہ ہے اور یقینی طور پر بہت سے دوسرے شعبے بھی ہیں جن میں اس طرح کے معاہدوں میں فائدہ اٹھایا جائے گا۔ایوی ایشن ان میں سے ایک مرکزی شعبہ ہے۔اسرائیل یا یو اے ای یا دبئی اور تل ابیب کے درمیان کوئی بھی پرواز چلانے سے قبل ہمیں ایک سمجھوتے کی ضرورت ہوگی۔عادل الرضا کا کہنا تھا کہ خطے میں طرفین کی جانب سے پروازوں کی بحالی کا مطالبہ سامنے آئے گا۔میرے خیال میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور کاروبار کے بہت زیادہ مواقع دستیاب ہوں گے۔


