صوبے میں امن و امان برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے، کوئٹہ کیلئے متفقہ میئر کا انتخاب کریں گے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(یو این اے )گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کروانا ان کے لیے سمجھ سے باہر ہے کیونکہ پچھلے پانچ سال میں انتخابات نہیں کرائے گئے، اور اب صرف آخری پانچ مہینے میں انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی مجبوری ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق انتخابات کرائے جائیں گے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کوئٹہ کے لیے متفقہ میئر کا انتخاب کریں گے تاکہ شہر کے لیے مثبت قیادت فراہم ہو۔گورنر نے کہا کہ حکومت کے لیے بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے، ماضی کے حالات اب موجود نہیں، اور صورتحال کو قابو میں لانے میں وقت لگے گا، لیکن جلد صوبے میں بہتری آئے گی۔شیخ جعفر مندوخیل نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کے ڈھائی ڈھائی سال کے معاہدے پر کافی باتیں ہو چکی ہیں اور اس پر دوبارہ تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیاتی انتخابات کے عمل میں مثبت رویہ اختیار کریں تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کے لیے ایک مستحکم اور ترقی پسند قیادت سامنے آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں