تربت، سندھ بلوچستان بس یونین ٹرانسپورٹرز نے دو ہفتوں سے جاری ہڑتال مذاکرات کے بعد ختم کرنے کا اعلان
تربت(این این آئی)تربت سندھ بلوچستان بس یونین ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے دو ہفتوں سے جاری اپنی ہڑتال کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مکران روٹ پر بس سروس کل سے معمول کے مطابق بحال ہو جائے گی۔ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یونین نے اپنی کابینہ کے مشورے سے 18 فروری 2026 کو مکمل احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے حکومت بلوچستان کے سامنے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور تحفظات پیش کیے گئے تھے۔یونین کے مطابق ان کے اہم مطالبات میں رات کے وقت سفر کی اجازت دینا، کوسٹل ہائی وے پر چیک پوسٹس پر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کروانے کا خاتمہ، ہر چیک پوسٹ پر طویل چیکنگ کے عمل کو محدود کرنا، کٹ آف ٹائم میں نرمی، اور ٹرانسپورٹرز کی بسوں کو غیر ضروری طور پر سرکاری تحویل میں نہ لینا شامل تھے۔ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ مختلف حکومتی حکام کے ساتھ متعدد ملاقاتوں کے بعد حکومت بلوچستان کو ٹرانسپورٹرز کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ اسی سلسلے میں پاک فوج کے 44 ڈویژن کے جی او سی سے بھی ملاقات کی گئی جس میں چیک پوسٹس پر پیش آنے والے مسائل تفصیل سے بیان کیے گئے۔بیان کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر مثبت پیش رفت اور خصوصی تعاون کے بعد یونین نے دو ہفتوں سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین نے جی او سی 44 ڈویژن، ضلعی انتظامیہ گوادر اور خاص طور پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو سن کر ان کے حل کے لیے اقدامات کیے۔ٹرانسپورٹ یونین نے ہڑتال کے دوران مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ زائرین کی آمد کے موقع پر انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور کوہ مراد کے مذہبی تہوار میں آنے والے مرد و خواتین زائرین کے سہولت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سنجیدہ کوششوں اور رابطہ کاری کے باعث ٹرانسپورٹرز اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مکران روٹ کے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسمبلی فورم سمیت مختلف سطحوں پر آواز اٹھائی اور گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات بھی کی۔ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال اور مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے انتظامیہ کو بامقصد مذاکرات کی ہدایت دی جائے گی۔بعد ازاں آج ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔نیشنل پارٹی کے وفد میں مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، رکن بلوچستان اسمبلی اور چیئرمین خیر جان بلوچ بھی شامل تھے جنہوں نے مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کیا۔


