ایران کشیدگی نہیں چاہتا، امریکا اور اسرائیل کی وعدہ خلافیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، باقر قالیباف
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بار بار وعدہ خلافیاں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران میں پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل وعدہ خلافیاں خطے میں دیرپا امن اور سیکورٹی کے قیام میں بنیادی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ ملاقات کے دوران قالیباف نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو ایران کی مستقل اور اہم پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور ہم آہنگ حکومتی پالیسیوں کے باعث یہ تعلقات خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے میں حقیقی اور جامع امن کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن عناصر نے جنگ کا آغاز کیا، اب وہی اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، لہٰذا انہیں اپنے عملی اقدامات سے ماضی کی بداعتمادی کو ختم کرنا ہوگا۔ قالیباف نے اس بات پر زور دیا کہ ایران مکمل امن اور سیکورٹی کے حصول کے لیے پرعزم ہے، تاہم مخالف فریق اپنی وعدہ خلافیوں کے باعث ان کوششوں کو سبوتاژ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ابتدائی جنگ بندی معاہدے میں تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی ایک اہم شق ہے۔


