ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے نتائج خلیجی ریاستوں کیلئے تباہ کن ہوسکتے ہیں، روس
کوئٹہ (ویب ڈیسک) ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے خبردار کیا ہے کہ جوہری تنصیبات پر کسی بھی قسم کا حملہ ’جرم اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی‘ ہو گا۔ ایکس پر جاری ایک پیغام میں میخائل اولیانوف کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی جوہری تنصیب پر حملہ ایک جرم اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بوشہر جوہری بجلی گھر پر حملوں کے خلیجی ریاستوں کے لیے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔ انھیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔‘ وہ سوشل میڈیا چلنے والی ان اطلاعات پر ردِعمل دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ حالیہ حملوں میں بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی کی ایجنسی نے ان خبروں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ بوشہر تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔


