ہم مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے نکل کر امید اور دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ قوموں کی پہچان مشکلات سے نہیں بلکہ مشکلات کا مقابلہ کرنے کے عزم، حوصلے اور مستقبل کی اسٹرٹیجی سے ہوتی ہے۔موجودہ حکومت نے ایک ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا جب ملک کو کئی پیچیدہ چیلنجز درپیش تھے۔ معاشی دبا، سیاسی بےیقینی، توانائی کے مسائل، عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے کے چیلنجز ہمارے سامنے تھے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ان مشکل حالات میں کئی بحرانوں پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کیے اور ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کیلئے کوششیں کیں۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے مختلف اراکین اسمبلی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں یہ حقیقت سمجھنی ہوگی کہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال صرف ہمارے اندرونی فیصلوں سے متاثر نہیں ہوتی بلکہ زیادہ تر عالمی اور خطے کے کشیدہ حالات بھی اس پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ جب ہم ایک مسئلے کے حل کی طرف بڑھتے ہیں تو خطے میں پیدا ہونے والی نئی صورتحال بعض اوقات نئے چیلنجز سامنے لے آتی ہے۔ اس لیے ہمیں مستقل مزاجی، دانشمندی اور دور اندیشی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ہم مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے نکل کر امید اور دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں۔ مشکلات کی طویل رات ختم ہونے کے قریب ہے اور ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے۔ پورے خطے میں سیاسی، تجارتی اور معاشی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان و بلوچستان کیلئے ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان رونما ہونے والے مواقعوں اور دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہم سب کا کردار نہایت اہم ہے۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے۔ اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع، وسیع ساحلی پٹی، قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور وسطی ایشیا، اور مشرقِ وسطی سے رابطے کی صلاحیت کے باعث بلوچستان پورے خطے کے معاشی جمود کو توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ حالات ہمارے اجتماعی مفاد میں بدل رہے ہیں، نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ہمیں ان مواقع کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں