خاران اور واشک میں کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کا خاتمہ اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی اہم کامیابی ہے، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خاران میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کو بروقت ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ واشک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کو سراہتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کا خاتمہ اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ ”عزمِ استحکام“ کے وڑن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم کو مزید مو¿ثر بنایا جا رہا ہے۔ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کا راستہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے ہوکر گزرتا ہے، اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔


